وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کیٹگری 4کے احساس ایمرجنسی کیش مستحقین کی نشاندہی، رقوم کی ادائیگی کے مکمل طریقہ کار سے متعلق وضاحتی ویڈیو ٹویٹ کردی

اسلام آباد ۔ 19 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے کورونا فنڈ کے ذریعے کیٹگری4کے مستحقین میں رقوم کی تقسیم کے اجرا کے بعد، وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کیٹگری 4کے احساس ایمرجنسی کیش مستحقین کی نشاندہی اور رقوم کی ادائیگی کے مکمل طریقہ کار سے متعلق ایک وضاحتی ویڈیو ٹویٹ کردی۔ اس سے قبل 3اپریل 2020کو ڈاکٹر نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے …

اسلام آباد ۔ 19 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے کورونا فنڈ کے ذریعے کیٹگری4کے مستحقین میں رقوم کی تقسیم کے اجرا کے بعد، وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کیٹگری 4کے احساس ایمرجنسی کیش مستحقین کی نشاندہی اور رقوم کی ادائیگی کے مکمل طریقہ کار سے متعلق ایک وضاحتی ویڈیو ٹویٹ کردی۔ اس سے قبل 3اپریل 2020کو ڈاکٹر نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت1تا 3کیٹگری کے مستحق افراد کی نشاندہی کے معیار اور ادائیگی کے طریقہ کار کی تفصیلات کے بارے میں صارفین کو آگاہ کرنے کیلئے پہلی وضاحتی ویڈیو ٹویٹ کی تھی۔ اس ویڈیو میں مستحق افراد کی نشاندہی، ایس ایم ایس مہم، ڈیٹا تجزیات، ضلع سطح پر توثیق کا طریقہ کار، پروفائلنگ کا معیار، ادائیگی کا طریقہ کار اور نقد پروگرام کے پیش نظر مسائل کی وضاحت کی گئی تھی۔ 9اپریل2020سے احساس ایمرجنسی کیش کے تحت ملک بھر میں کیٹگری 1تا 3کے 87ملین سے زائد مستحق گھرانوں میں 106.8ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے احساس انفارمیشن پورٹل پر صوبائی، ضلعی اور تحصیل وارکیٹگری 1تا 3 کے مستحق افراد کی معلومات آن لائن دستیاب ہے۔ مکمل طور پر ایمانداری کے اصول پر مبنی، یہ پورٹل شراکت دار بینکوں کو مستحقین کیلئے دی جانے والی رقم اوراس امدادی رقم سے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد کے بارے میں بتاتا ہے۔ اس پورٹل تک اس لنک https://www.pass.gov.pk/ecs/uct_all.html کے ذریعے رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ وزیر اعظم کے کورونا فنڈکے ذریعے احساس ایمرجنسی کیش کے تحت ادائیگی سے متعلق بتاتے ہوئے ڈاکٹر نشتر نے کہا کہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن متاثر 6ملین ملازمت سے محروم مرد و خواتین کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیٹگری 4کو متعارف کرایا گیا ہے۔کیٹیگری 4 کے لیے فنڈز وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ سے دئیے جائیں گے اس کے علاوہ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ڈونر کی جانب سے بطور عطیہ کئے جانے والے ہر ایک روپے کے بدلے حکومت 4روپے دے گی۔ اس سے قبل، وزیر اعظم نے 2مئی کو اس کیٹگری کیلئے درخواستیں طلب کرنے کیلئے ویب پورٹل کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت سے یہ پورٹل درخواست فارم میں درج معیار کے مطابق درخواستوں کیلئے کھلا ہے۔ درخواست دہندگان کو درخواست فارم جمع کراتے وقت حلفی بیان دینے کی ضرورت ہوتی ہے کہ وہ کورونا کے باعث اپنی ملازمت سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس لنک ehsaaslabour.nadra.gov.pk کے ذریعے پورٹل تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ احساس ایمرجنسی کیش فریم ورک میں کیٹگر ی 1تا 3کو سرکاری کورونا پیکج کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔ کیٹگری 1میں نادرہ سے تصدیق شدہ کفالت کی 4.5ملین مستحق خواتین شامل ہیں۔ کیٹگری 2میں 4ملین مرد و خواتین شامل ہیں جو 8171ایس ایم ایس مہم کے ذریعے ایمرجنسی کیش پروگرام میں شامل ہوئے۔ اور کیٹگری 3میں ضلعی انتظامیہ اور 8171ایس ایم ایس مہم کے ذریعے نشاندہی کئے جانے والے 3.5ملین مرد و خواتین شامل ہیں۔ وزیر اعظم کے کورونا فنڈ کے ذریعے کیٹگری 4کے مستحق افراد کی نشاندہی اور ادائیگی کے عمل کی وضاحت کرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش میں کیٹگری 1تا3کیلئے لاگوہونے والے موجودہ اصول، طریقہ کار اور ڈیٹا تجزیات کو کیٹگری 4کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔ اصول پر مبنی معیار پر مکمل طور پر عمل کیا جائیگا، جسے اس لنک https://www.pass.gov.pk/ecs/uct_all.html پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کا طریقہ کار مکمل طورپر غیر سیاسی اور انسانی مداخلت سے پاک ہوگا۔ تمام تر ادائیگیاں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد کی جائیں گی اور فنڈز کی فراہمی میں مکمل شفافیت ہوگی۔