اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے قومی احتساب بیورو اور پراسیکیوشن سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ احتسابی عمل میں زیادہ شفافیت لائی جاسکے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو موجودہ حکومت کی مداخلت کے بغیر احتسابی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئر مین نیب کی تقرری سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مشاورت سے کی تھی۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قومی ایشوز پر اتفاق رائے سے قانون سازی کے لئے اپوزیشن کو اعتماد میں لے گی ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو ضمانت دی ہے، منشیات کیس میں وہ بری نہیں ہوئے۔ عدالت میں کیس زیر سماعت ہے جو ٹرائل کے بعد فیصلہ سنائے گی ۔