وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کا اندازہ لگانے کیلئے قومی اعدادو شمار کے جامع نظام کے قیام پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران نوجوانوں کا قومی …

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کا اندازہ لگانے کیلئے قومی اعدادو شمار کے جامع نظام کے قیام پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران نوجوانوں کا قومی ترقیاتی انڈیکس تیار کیا جائے گا جس سے وفاقی حکومت کو نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے قانون سازی کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں صوبائی سطح پر سروے کیا جائے گا جس کے ذریعے تعلیم‘ صحت‘ روزگار اور سماجی شعبوں سمیت نوجوانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان میں 65فیصد آبادی کی عمر 35سال سے کم ہے ، پاکستان خطے میں نوجوانوں کی آبادی والا دوسرا بڑا ملک ہے ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو نظر انداز کیا، 2013میں کامن ویلتھ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کا 84واں نمبر تھا جبکہ 2017میں پاکستان 154ویں نمبر پر تھا۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس عرصے دوران نوجوانوں سے متعلق کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ماضی میں نوجوانوں سے متعلق پروگرام صرف سیاسی پوائنٹس سکورنگ کیلئے وضع کئے گئے ۔