وزیر اعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے غازی یونیورسٹی میں دوسرے غازی فرینڈز آل پاکستان فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں دوسرے غازی فرینڈز آل پاکستان فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ کی زیرِ قیادت یونیورسٹی میں کھیلوں، ہم نصابی اور دیگر صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے فروغ کو سراہا۔

ڈیرہ غازی خان ۔ 25 اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں دوسرے غازی فرینڈز آل پاکستان فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ کی زیرِ قیادت یونیورسٹی میں کھیلوں، ہم نصابی اور دیگر صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے فروغ کو سراہا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے کہا کہ غازی یونیورسٹی تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ و طالبات کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ان میں صحت مند سوچ، نظم و ضبط اور مثبت رویوں کے فروغ کا ذریعہ ہے، جو مستقبل میں ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے مؤثر کردار کی بنیاد بنے گا۔تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے ریجنل ڈائریکٹر قیصر عباس کاظمی، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر منصور افغان، مرزا ظفر اقبال، ثناء اللہ راجر، عظمت اسلام اور دیگر معززین نے شرکت کی، جبکہ کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی

تقریب کی کمنٹری کے فرائض وائس آف پاکستان کے ایاز محمد شاہ نے انجام دیے۔قبل ازیں مہمانِ خصوصی نے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی اور روایتی جھومر کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، ڈاکٹر محمد عمران لودھی اور دیگر پرنسپل افسران و فیکلٹی ممبران نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کے لیے جاری کھیلوں، ہم نصابی اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں غازی یونیورسٹی کی ٹیم سمیت ملک بھر سے مختلف کرکٹ کلبز اور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی مرحلے میں میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں، جمخانہ کے اراکین اور دیگر ٹیموں کے درمیان دلچسپ کرکٹ مقابلے ہوئے۔تقریب کے دوران تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں نے بھی مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں سے ملاقات کی۔ مختلف کھلاڑیوں کی جانب سے عطیہ کیا گیا خون تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے بچوں سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ٹورنامنٹ کے منتظمین میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، ڈاکٹر محمد عمران لودھی، غازی فرینڈز کرکٹ کلب کے منتظمین محمد آکاش عباس، خرم شہزاد بھٹہ اور دیگر شامل ہیں۔

مزید خبریں