وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب

کوئٹہ ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے، مستقبل میں بلوچستان معاشی حوالے سے مکمل طور پر تبدیل ہوگا اور آج یہاں اپنے میڈیا دفاتر بند کرنے والے دوبارہ آنے پر مجبور ہونگے قومی میڈیا اور نیوز چینل بلوچستان اور کوئٹہ میں موجود میڈیا ورکر کو اہمیت دیں، بلوچستان …

کوئٹہ ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے، مستقبل میں بلوچستان معاشی حوالے سے مکمل طور پر تبدیل ہوگا اور آج یہاں اپنے میڈیا دفاتر بند کرنے والے دوبارہ آنے پر مجبور ہونگے قومی میڈیا اور نیوز چینل بلوچستان اور کوئٹہ میں موجود میڈیا ورکر کو اہمیت دیں، بلوچستان صوبائی حکومت ویج بورڈ کے نفاذ اور حکومت کی جانب سے متعین کم سے کم اجرت کے طے شدہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کو جرنلسٹس کالونی کے آفرلیٹر کی عطائیگی اور بی یو جے کی نومنتخب کابینہ سے حلف لینے کی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ رہنمائی و تربیت کے لیے جدید خطوط پر مشتمل میڈیا اکیڈمی کی اشد ضرورت ہے، کوئی بھی شعبہ پرفیکٹ نہیں ہوتا بلکہ اداروں پر سرمایہ کاری سے ہی بہتری آسکتی ہے، نوجوانوں کو پروفیشنل صحافی بنانے کیلئے اداروں کی بنیاد رکھنا ناگزیر ہے تاکہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس شعبے کو اختیار کرنے والوں کی بہتر پیشہ ورانہ رہنمائی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے انتہائی نامسائد حالات میں پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دی ہیں اور دوران فرائض کئی صحافی شہید ہو گئے جانوں کا نذرانہ دینے والے صحافیوں کے پسماندگان کو نہیں بھولیں گے اور ان کے بچوں کی تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی اور ان کی بیوگان کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس کالونی کی تعمیر کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ کہ ملکی میڈیا پر بلوچستان کو ترجیح دینا ضروری ہے، بلوچستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے روز اول یہ تحہیہ کیا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرینگے اور الحمداللہ ہم اپنے وژن پر عمل درآمد کررہے ہیں سیاسی بنیادوں پر میڈیا کو دیوار سے لگانا غلط ہوگا ہم آزاد میڈیا کے حامی ہیں، حکومت بلوچستان صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی سیاسی اور اپنی تشہیر کی بنیاد پر میڈیا کے خلاف کبھی نہیں جاسکتے، خوشی ہوئی کہ 30 سال بعد صحافیوں کا زمین کے مختص ہونے کا مسئلہ حل ہوگیاہے انہوں نے کہا کہ حکومتیں کمزور،مجبور اور مخلص بھی نہیں ہوتی بلکہ اچھا رویہ ہی طرز حکمرانی کا عکاس ہوتا ہے، وزیراعلی بلوچستان نے یقین دلایا کہ صحافی ہاوسنگ اسکیم کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کرینگے اور آئندہ پی ایس ڈی پی میں ہاوسنگ اسکیم کیلئے رقم مزید مختص کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے شہید صحافیوں کے بچوں کو تعلیم اور دیگر سہولیات کیلئے فنڈز فراہم کرینگے، تقریب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار احمد زئی بی یو جے کے نو منتخب صدر ایوب ترین اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن نے بھی خطاب کیا اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ایوب ترین اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن کو جرنلسٹس کالونی کے آفر لیٹر بھی دئیے۔