وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان تحریری معاہدہ طے پا گیا

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے اور تحریری معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے اور تحریری معاہدہ طے پا گیا ۔حکومتی کمیٹی کی سربراہ وزیر صحت بخت کاکڑ نے جرگے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات سے امن، مفاہمت اور باہمی اعتماد کی نئی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مدبرانہ قیادت اور مفاہمتی حکمت عملی سے شہدائے زیارت کے لواحقین کے ساتھ باوقار تحریری معاہدہ طے پایا ہے،تحریری معاہدہ حکومت کے عوامی اعتماد، قانون کی بالادستی اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ بخت محمد کاکڑ نے مزید کہا کہ حکومت شہداء کے لواحقین کے تمام جائز مطالبات پر مروجہ پالیسی کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائے گی، کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل، امن و امان پر مشاورت اور پولیس کی استعداد میں اضافہ حکومت کے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کا حصہ ہیں ۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں، ان کے اہل خانہ کا احترام، کفالت اور فلاح حکومت بلوچستان کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج، ایف سی، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انہی قربانیوں کی بدولت امن کی جدوجہد جاری ہے۔