وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر کے بیرونِ ملک علاج معالجے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج معالجے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

کوئٹہ۔ 19 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج معالجے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر اس وقت کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کا علاج مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کی بہترین اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شاہد رند نے کہا کہ ماہر ڈاکٹروں کی سفارشات اور طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید خصوصی علاج کے لیے امریکہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں تمام انتظامات اور ضروری سرکاری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ ڈاکٹر کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ڈاکٹر کا بیرون ملک علاج بھجوانے کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی عیادت کے موقع پر کیا تھا اور ہدایت دی تھیں کہ لیڈی ڈاکٹر کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں ہر ممکن طبی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مکمل صحت یابی تک ان کے علاج اور بحالی کے تمام مراحل میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں