وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت فیصل آباد میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

121
Dhi Rani Program

فیصل آباد۔ 25 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیراہتمام فیصل آباد میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں 36جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے جن میں 3مسیحی جوڑے بھی شامل تھے۔

شادی کی پرمسرت تقریب مقامی مارکی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ اورصوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر تھے جبکہ اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانااحسان افضل، ارکان اسمبلی عارف محمود گل،راؤ کاشف رحیم،قدسیہ بتول،عظمی جبیں راجہ،کوآرڈینیٹر سوشل ویلفیئر رانا وارث حسین،مسلم لیگی رہنما حاجی اکرم انصاری،رانا علی عباس،رانا شعیب ادریس،فقیر حسین ڈوگر،میان عبدالمنان،نجمہ افضل،راجہ دانیال سمیت دیگرارکان شریک تھے۔

تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جاوید اختر محمود،کمشنر مریم خان،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر،سی پی او کامران عادل،ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق،ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ودیگر افسران کے علاوہ دولہا دلہن کے عزیزو اقارب نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دھی رانی پروگرام تاریخ ساز انقلابی پیکیج ہے۔

میں مریم نواز شریف کی طرف سے شادی شدہ جوڑوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور نئے جوڑوں کے بہتر مستقبل کیلئے دعاگو ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار مستحق جوڑوں کی شادی کے تمام تر اخراجات حکومت پنجاب نے اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام تر انیشیٹیوز غریب عوام کیلئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کے خواب دیکھنے والے والدین کے لئے ایک نیا باب کھل گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دست شفقت کی بدولت یہ پروگرام مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی خاندانوں کی بیٹیوں کے لئے بھی ایک روشن امید بن کر سامنے آیاہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیاں لائے گا بلکہ معاشرتی یکجہتی اور مساوات کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب کے ہر مزدور اور محنت کش کی بیٹی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مریم نوازنے دھی رانی پرگرام کے ذریعے ایک ماں کا کردار ادا کیا ہے آج ہم نے اپنی بیٹیوں کے چہروں پر خوشیاں دیکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز دن رات پنجاب کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا دھی رانی پرگرام قابل ستائش ہے اور وہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کررہی ہیں۔اس پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب کی بیٹیوں کے لئے ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔والدین اپنی بیٹیوں کا شرعی فریضہ پورا کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن عوام کی خدمت کرنا ہے اور شہباز سپیڈ کے بعد اب مریم سپیڈ پنجاب کو ترقی کی منازل طے کرارہی ہیں۔

پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی خدمت کے جذبہ کی عکاسی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے جوڑوں کی نشستوں پر جاکر دھی رانی سلامی کارڈز بھی دیئے،سلامی کارڈ کے ذریعے نوبیاہتا جوڑوں کو ایک لاکھ روپے سلامی دی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے اجتماعی شادی کے تمام جوڑوں کو ڈبل بیڈ، میٹرس،شیشہ،ڈنر سیٹ،پنکھا اور دیگر سامان کے تحائف بھی دئیے گئے۔

اس موقع پرحافظ امجد اور پاسڑ عابد تنویر نے دعائے خیر بھی کرائی۔ صوبائی وزراء نے ضلع فیصل آباد میں شادیوں کی اجتماعی تقریب کے شاندار انعقاد اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی معاونت کو بھی سراہا۔