وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں 4 بڑی شاہراہوں کی تعمیر ومرمت اور ری ماڈلنگ کی منظوری دیدی،کرکٹ کے ہائی پرفارمنس سنٹر کابھی افتتاح

165
Mohsin Naqvi

فیصل آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بدھ کو فیصل آباد کی 4 بڑی شاہراہوں کی تعمیر ومرمت اور ری ماڈلنگ کی منظوری دیدی ہے اورسرگودھا روڑ،جھنگ روڑ، سمندری روڑ کی تعمیر ومرمت کیلئے فوری پلان بھی طلب کر لیا ہے۔اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس فیصل آبادمیں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامرمیر، آئی جی پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز تعمیرات ومواصلات، لوکل گورنمنٹ،اطلاعات،پی اینڈ ڈی،صحت،کمشنر فیصل آباد،سی پی او، ڈپٹی کمشنر اوردیگرحکام نے شرکت کی۔

انہوں نے شہر کی سٹرکوں کا پیچ ورک کرنے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کی سٹرکوں کی تعمیر ومرمت کیلئے فنڈز کے اجراکی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید کو آئندہ چند روز میں روڈز کی تعمیر ومرمت اور ری ماڈلنگ کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب شہباز نگر فیصل آبادبھی گئے جہاں انہوں نے کرکٹ کے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح کیااورانڈور کرکٹ پریکٹسنگ ہال میں بیٹنگ کی۔

اس موقع پر صوبائی وزراایس ایم تنویر، بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری سپورٹس،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی انڈور ہال میں بلے بازی کی جبکہ وزیر اعلیٰ کو آٹو میٹک مشین نے باؤلنگ کرائی۔

انہوں نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیر اعلیٰ نے جم اور سوئمنگ پول کا بھی معائنہ کیا اور فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ کے سٹاف آفیسرودیگر افسران نے جدید مشین پر جوگنگ کی۔انہوں نے ایڈمن بلاک کے معائنہ سمیت انڈور کرکٹ پریکٹس کی سہولت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہائی پرفارمنس سنٹر کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔