وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پانچ دن کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو عوام نے ووٹ کی پرچی سے مسترد کیا، اب ان کی آہ و بقا اور چیخ و پکار جاری ہے،انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیرول پر پانچ دن کی رہائی دی گئی،آئندہ دس دن کورونا کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہیں، پی ڈی ایم والے اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کے …

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو عوام نے ووٹ کی پرچی سے مسترد کیا، اب ان کی آہ و بقا اور چیخ و پکار جاری ہے،انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیرول پر پانچ دن کی رہائی دی گئی،آئندہ دس دن کورونا کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہیں، پی ڈی ایم والے اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کے چکروں میں عوام کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے جمعہ کے روز ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے جیسے حکومت انتقامی سیاست کا سہارا لیتے ہوئے شریف خاندان کو مختلف مقدمات میں پھنسا کے کوئی سیاسی تسکین حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پانچ دن کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی لیکن ایک نااہل برگیڈ شور مچا رہا ہے کہ دو ہفتے کی رہائی مانگی تو پانچ دن کی کیوں دی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کی پرچی سے ان لوگوں کو مسترد کیا ہے اور اب یہ مسترد شدہ ٹولہ خوب آہ و بکا اور چیخ و پکار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا عوام سے اداروں کی بالادستی اور انہیں بااختیار کرنے کا وعدہ ہے، وزیر اعظم عمران خان قانون کی بالادستی کا مشن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، شاہی خاندان کے ہاتھوں یرغمال قانون کو ہم نے آزاد کروانا ہے،وزیراعظم کے خواب کو اسی وقت تعبیر ملے گی جب عوام کو سیاسی غلامی سے آزاد کروایا جائے گا۔ مریم نواز کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک خاتون جو سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوئی ہیں اس نے جھوٹوں کے پٹارے میں سے ایک عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے ایک اور جھوٹ نکالا ہے، ظل سبحانی کی راجکماری کہتی ہیں کہ انہیں جیل میں چوہوں کا بچا ہوا کھانا دیا جاتا تھا جبکہ انکا کھانا انکے گھر سے آتا تھا، اب اگر ان کے گھر والے چوہوں کا بچاہوا کھانا بھیجتے تھے تو اس میں حکومت کیسے ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، والدین کی دعائیں اٹھ جائیں تو اولاد مصیبتوں میں پھنس جاتی ہے،دل خراش منظر تھا جب میں نے پوتوں کو دادی کو پارسل کرتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت میں اگر گھر میں کوئی فوتیدگی ہو جائے تو سیاسی سرگرمیوں کو ترک کر دیا جاتا ہے اور یہاں مریم بی بی نے دادی کے انتقال کی اطلاع ملنے کے باوجود سیاسی شہرت کیلئے جلسے میں شرکت کی اور بعد میں اطلاع نہ ملنے کا ڈرامہ شروع کر دیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ آئندہ دس دن کورونا کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہیں، پی ڈی ایم والے اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کے چکروں میں عوام کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اپوزیشن کے ملتان جلسے کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کی گرفتاری بھی ہوگی جبکہ اپوزیشن اپنی کرپشن منظر عام پر آنے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پشاور جلسے میں پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا ، اپنی ناکامی کی ذمہ داری یہ لوگ اب ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔