وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس

102
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانے والوں نے نوٹ کو عزت دے کر اپنے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، جمہوریت کے نام پر سینیٹ کے الیکشن میں کھلواڑ اور سیاست کے نام پر مک مکا ہوا، اپوزیشن نے وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈھٹائی کے ساتھ فتح کا جشن منایا، عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہوئی ہے، عمران خان سیاسی بہروپیوں کو ایک مرتبہ پھر چیلنج کرکے میدان میں اترنے لگے ہیں، لانگ مارچ کا خواب چور بازاری کے ذریعے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل جمہوریت کے نام پر سینٹ کے انتخابات میں کھلواڑ ہوا۔ جیت پر بغلیں اور شادیانے بجانے والی مسلم لیگ (ن) کو خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں ایک بھی سیٹ نصیب نہیں ہوئی، اسی طرح پیپلزپارٹی کو بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں کوئی سیٹ نہیں ملی، یہ عمران خان کی فتح ہے کہ دو خاندانوں کو اس نے مخصوص صوبوں تک محدود کر دیا اور ان کی سیاست کو ان کے صوبوں کے اندر ہی قید کر دیا ہے، عوام کی جنگ لڑنے کے دعویدار کل اقتدار کی جنگ لڑتے ہوئے نڈھال نظر آئے، افسوس کی یہ بات ہے کہ جن لوگوں نے اعتراف جرم کیا، اپنی ڈھٹائی اور بے شرمی کی تمام حدیں پھلانگتے ہوئے وڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد اعتراف جرم کرتے ہوئے انہوں نے اپنی فتح کا ڈھٹائی سے جشن منایا، اس بات کا افسوس ہے کہ اس ملک کے اندر نوٹ کی سیاست جیت گئی اور ووٹ کی سیاست ہار گئی، نوٹ کی جدوجہد میں مصروف عمل اس ٹولے نے جمہوری اقدار کو پامال کیا، وزیراعظم عمران خان ان کی ہر چال کو سمجھتے ہوئے بہادری اور دلیری سے اس پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کر کے اس ٹولے کی بساط کو الٹ دیا ہے اور اس سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی کہ عمران خان کو اقتدار سے دلچسپی نہیں، عمران خان اصولوں کی سیاست کرتے ہیں اور کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنا ہے ان کا مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن ممبران نے پارٹی کے خلاف ووٹ کا استعمال کیا ہے، انہوں نے اپنے ووٹرز کو بھی دھوکہ دیا ہے اور اپنے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی پستی کا مظاہرہ کرنے والی پی ڈی ایم نے بجائے اس کے قوم سے معافی مانگنے کے معزز ایوان کو بے توقیر کیا، ایک جعلی راج کماری رات کو ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کا کردار ادا کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کی فتح کے ڈنکے بجا رہی تھی اور وہ یہ بھول گئی کہ ان کی جماعت کی امیدوار خاتون جو انہوں نے نامزد کی ہوئی تھی اسے شکست ہوئی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی فتح نوٹ، چوری بازاری، ڈاکہ زنی اور نقب زنی سے جڑی ہے۔ پی ٹی آئی ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آئینی اور قانونی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جو ہمارا اس قوم سے وعدہ ہے، ہم پارلیمنٹ کو سپریم اور با اختیار بنانا چاہتے ہیں، کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ اکٹھے ہو کر عمران خان کو للکار رہے ہیں، عمران خان قانون کی پاسداری کے لئے اور عوام کو جوابدہ ہوتے ہوئے انہی سیاسی بہروپیوں کو ایک مرتبہ پھر چیلنج کر کے میدان میں اترنے لگے ہیں اور پتہ چل جائے گا کہ ان کی اکثریت نوٹوں کی بوریوں کے بل بوتے پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چھپنے کی بجائے سینہ تان کر اپوزیشن کے سامنے کھڑے ہیں جیسے انہوں نے بھارتی کرکٹر سری کانت کو واپس بلا کر دوبارہ آئوٹ کیا تھا ایسے ہی ان کو بھی کلین بولڈ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 12 واں کھلاڑی (پانی پلانے والا) بھی پارلیمنٹ میں آنا چاہتا ہے، وہ چاہتا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں، یہ عوام کے مینڈیٹ کے توہین کر رہے ہیں، اس کو گرائونڈ تک رسائی نہیں ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں جو کالی بھیڑیں ہیں ان پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے، پارٹی کی سطح پر بھی خود احتسابی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا خواب چور بازاری کے ذریعے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکتا۔