وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ریسکیو 1122 کے 134 عارضی ملازمین کو ریگولرائز کرنے کے احکامات جاری کردیے

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ریسکیو 1122 کے 134 عارضی ملازمین کو ریگولرائز کرنے کے احکامات جاری کردیے

گلگت۔ 28 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ریسکیو 1122 کے 134 عارضی ملازمین کو ریگولرائز کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ ملازمین دلچسپی اور دلجوئی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔

یہ ملازمین گزشتہ کئی سالوں سے عارضی طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے اور ان کی مستقلی سے ادارہ ہذا مضبوط بنیادوں پر کام چلانے کا اہل ہوگا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ریسکیو 1122 کے تمام ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ملازمین دن رات خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام اور علاقے کی خدمت کرسکیں گے۔

اسی طرح SAP، BECS اور NCHD کے 836 ملازمین کو بھی صوبائی کابینہ کے ذریعے مستقل بنیادوں پر تعینات کرنے کیلئے سمری کی منظوری دی ہے تاکہ گزشتہ کئی سالوں سے تعیناتی کے انتظار میں بیٹھے ان اساتذہ کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ امجد حسین نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ان سکولوں کے اساتذہ اپنی خدمات بھرپور انداز میں سرانجام دیں گے اور عوامی خواہشات پر اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔