لاہور۔13جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتیں، ہتک عزت بل پر احتجاج کرنا صحافیوں کا حق ہے
جمعرات کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی وہ تاریخی کام کرنے جا رہی ہیں جس سے پنجاب پر کوئی قرضہ نہیں ہوگا، صوبے میں بے روز گاری کو ختم کرنے کیلئے متعدد منصوبے لا رہے ہیں،خواتین کو روزگار فراہمی کیلئے بہتر مواقع مہیا کئے جائیں گے ، پنجاب میں ڈویلپمنٹ کے 77 منصوبوں کا آ غازکیا جا رہا ہے جس سے صوبے میں ترقی کا سفر شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جس سے ان کے مالی مسائل میں کافی حد تک کمی آ ئے گی ،مزدور طبقے کی اجرت37 ہزار روپے کر دی گئی ہے ، حکومت اس فیصلے پر عمل درآمد کروانے کیلئے نجی شعبے کو قائل کرے گی، پنجاب حکومت چار سو ارب روپے کی کسان کارڈ سکیم شروع کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی جمہوری سوچ کی حامل خاتون ہیں ،وہ سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کو ان کا حق دینا چاہتے ہیں، ویج بورڈ کو اشتہارات سے بھی منسلک کرنے کو تیار ہیں، بل میں دو ترامیم میڈیا کے کہنے پر کی گئیں،ہتک عزت بل پر احتجاج کرنا صحافیوں کا حق ہے لیکن یہ معاملہ اب عدالت میں ہے۔