لاہور۔5مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجن نے ملاقات کی جس میں ددوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی اشتراک کار پر اتفاق اوردوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ الیکٹرانکس، آٹو موبائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کوریا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور مائننگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے۔ کوریا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔ جنوبی کوریا کو پنجاب میں آٹو موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے معاونت کریں گے۔ویون کاٹن اور کاٹن یارن ٹیکسٹائل سیکٹر میں کوریا کو برآمدات کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید زراعت، پیداواری صلاحیت بڑھانے میں کوریا سے تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔جنوبی کورین سفیر نے وزیر اعلی مریم نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔