لاہور۔5جون (اے پی پی):وزیر اعلی مریم نواز شریف نے (ادارہ عافیت)دارلامان میں مقیم 10خواتین کو حج پر بھیجنے سے پہلے بدھ کے روز ملاقات کی،سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک،ایم پی اے ثانیہ عاشق،معاون خصوصی راشد نصراللہ،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر موجود تھے۔
مسلم لیگ کے قائد محمد نوازشریف بھی بزرگ خواتین کی خواہش پر ملنے کے لئے آ گئے،وزیر اعلی مریم نواز سے عید پر ادارہ عافیت میں رہائش پذیر بزرگ خواتین نے حج کی خواہش کی تھی،وزیر اعلی مریم نوازکی ہدایت پر 10بزرگ خواتین کیلئے حج کا انتظامات کئے گئے،بزرگ خواتین نے وزیر اعلی مریم نواز اور صدر مسلم لیگ ن سے ملاقات پر اظہار تشکر کیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ خواتین ہماری ماں جیسی ہیں،ان کا بہت خیال رکھا جائے،انہیں کوئی تکلیف نہ ہو،آپ نے پاکستان کے لئے بہت سے دعائیں کرنی ہیں،اللہ تعالی وطن عزیز کی خیر فرمائے۔
مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی نے وعدہ پورے کرنے کی توفیق دی،مجھے آپ کے حج پر جانے کی بہت خوشی ہے۔محمد نوازشریف نے کہا کہ حج پر جانے والوں سے ملنا ایک اعزاز ہے،مجھے آپ سے ملکر بہت خوشی ہوئی،مزدور کو معاشی طور پر اوپر اٹھائیں گے، غریب کا اچھا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو غربت اور بے روزگاری ختم ہوجاتی۔محمد نوازشریف نے کہا کہ حج پر جانے والے پاکستان کے لئے دعائیں کریں،اللہ تعالی ملک کی خیر کرے۔
حج پر جانے والی بزرگ زینت بی بی نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ حج پر جا سکوں گی،بزرگ زینت بی بی آبدیدہ ہوگئیں،میں گلیاں دا روڑا کوڑا محل چڑھایا سائیاں،زینت بی بی نے میاں محمد بخش کا شعر سنایا۔فریدہ رحمت علی نے کہا کہ ہمارا کوئی سہارا نہیں تھا،اللہ تعالی نے آپ کو وسیلہ بنا کر بھیج دیا۔امیر جہاں نے کہا کہ اللہ تعالی وہاں لیکر جارہا ہے،باقی اسباب بھی اللہ بنائے گا اور حفاظت کرے گا۔
بخت مینا نے کہا کہ مریم نواز نے ایسے برتا ئو کیا جیسے ہماری بیٹی ہیں۔نسیم اختر نے کہا کہ محمد نوازشریف ہمارے ملک کے معمار ہیں ،ان سے ملنے کی بہت خواہش تھی،آپ ہمارے سر پر چادر کی مانند ہیں،یہ چادر پہلے سرک گئی تھی۔عفت سلطانہ ،یاسمین ملک نے کہا کہ نماز کے بعد حج کے لئے روزانہ دعا کیا کرتے تھے،اللہ ہر ماں کو مریم نواز جیسی بیٹی دے۔
عابدہ سراج،بشیراں بی بی نے کہا کہ خوشی ہے کہ بلا وا آ گیا، اللہ نے مریم نوازکو وسیلہ بنا دیا،وزیر اعلی مریم نوازشریف کی طرف سے تمام خواتین کو احرام،سوٹ اور زاد راہ پیش کیا گیا،عافیت میں رہائش پذیر10 خواتین اور انچارج سمیرا اسلم اور معاون 21 روز کے لئے سعودی عرب روانہ ہو ر ہے ہیں،فریدہ رحمت علی،امیر جہاں،بخت مینا، نسیم اختر،نور جہاں،عفت سلطانہ،یاسمین ملک،عابدہ سراج،زینت بی بی اور بشیراں بی بی حج کرنے والوں میں شامل تھیں۔