وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سول سکریٹریٹ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں پیرا کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن،قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گی۔
وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، پیرا کی کارکردگی ،ڈیجیٹلائزیشن،قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ

مزید خبریں
لاہور۔29جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سول سکریٹریٹ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں پیرا کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن،قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گی۔ اجلاس میں پیرا فورس کی کارروائیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی قراردیا گیا ہے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے PERA Ask پورٹل کو مزید فعال کرنے کا حکم اور ڈی جی پیرا کو براہِ راست پبلک انٹرایکشن اور عوامی رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا کا عدالتی محاذ پر 99 فیصد کنویکشن ریٹ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
عوام پر رعب جھاڑنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کی پیرا میں کوئی جگہ نہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے،پیرا کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پیرا کا ہر ایکشن عوام دوست ہونا چاہیے۔کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پیرا ریکوزیشن رولز کے مطابق کارروائی یقینی بنائے۔ بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ دیگر محکموں کی 351 ملازمین کو محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر واپس محکموں میں بھیج دیا گیا۔ پیرا کا کنویکشن ریٹ کا تناسب 99 فیصد رہا ہے۔ پیرا کا چالان کا پورا نظام مکمل طور پر الیکٹرانک کیا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل شواہد اور ٹرائل فورس ریکوزیشن کے بعد کا تمام ریکارڈ سسٹم میں محفوظ کیا رہا ہے۔ پیرا فورس اب تک62 ہزار سے زائد ڈیجیٹل ریکوزیشنز پر کارروائیاں عمل میں لا چکی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیرا کی جانب سے صوبہ بھر میں15 لاکھ27 ہزار28 انسپکشنز مکمل کی گئیں۔
انسپکشنز کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر3 ہزار509 دکانیں سیل کی گئیں۔ اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت اب تک 21 ہزار کنال سے زائد اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔قیمتوں میں خودساختہ اضافے اور تجاوزات پر اب تک1700 افراد کو گرفتار کیا گیا۔قیمتوں میں خود ساختہ اضافے اور تجاوزات کی وجہ سے گرفتار ہونے والے ایک ایک کارروائی کا منظم ڈیٹا سسٹم میں موجود ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عدالتی محاذ پر پیرا کی تاریخی کامیابی،136رٹ پٹیشنز میں سے99 فیصد کیسز پیرا کے حق میں فیصلہ کئے گئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اور ہیئرنگ افسران کے پاس پیرا کے98 فیصد کیسز میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پیرا کا چالان مکمل کرنے کا تناسب ریکارڈ97 فیصد تک پہنچ گیا۔
پیرا ایکٹ کے تحت مینوئل چالان پر پہلی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ محکمانہ احتساب کے تحت پیرا میں 700 سزائیں دی گئی اور غفلت پر20 ملازمین کو نوکری سے برطرف کیا گیا۔اینٹی انکروچمنٹ کارروائی سے پہلے ہر طرح سے نوٹس دینا اور خبردار کرنا لازمی ہوگا۔ اینٹی انکروچمنٹ اور پرائس کنٹرول کے علاوہ ہر ایکشن کے لیے پیشگی ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کا کلچر ختم ہونا چاہیے،قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔ انویسٹی گیشن افسر کا تبادلہ اب کسی کی سفارش پر نہیں ہو گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیرا فورس کو مزید مہذب اور ڈسپلن بنانے کے لیے کلر کہار میں ٹریننگ اکیڈمی پر کام شروع کر دیا ہے۔ جون2027 تک پیرا کی اپنی مستقل بھرتی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ پیرا میں شفافیت کے لیے انٹرنل افیئرز یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ پیرا شاندار کام کر رہی ہے مگر پبلک پریزنٹیشن اور کمیونیکیشن میں کمی کو دور کیا جائے۔








