وزیر خارجہ بلاول بھٹوکا او آئی سی کے سکریٹری جنرل کو ٹیلی فون، بھارت میں اسلامو فوبیا کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال

بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے اتوار کو اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی،

یہ گفتگو بھارت میں حکمران جماعت کی طرف سے اسلاموفوبیا کی کارروئیوں خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺکے خلاف توہین آمیزبیانات پر مرکوز رہی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے توہین آمیز بیانات نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش، اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی ’انضباطی‘ کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے ۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کی جان، مال، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے توہین آمیز بیانات اور بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔

او آئی سی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کی یاددہانی کرائی اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کی راہ تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔