وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت ، تجارتی و اقتصادی تعلقات، توانائی کے تعاون کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کی ۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے بات چیت کے دوران تجارتی و اقتصادی تعلقات، توانائی کے تعاون کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امورسمیت دو طرفہ تعلقات پر خصوصی توجہ دی ۔ وزیر خارجہ اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو کے اپنے پہلے دورے پر ہیں۔

پاکستان اور روس کے درمیان کثیر جہتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، توانائی، تعلیم، ثقافت، سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں باہمی سود مند تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک اور عوام کے باہمی فائدے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال بالخصوص افغانستان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ لاوروف کو پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے روسی وفد کو جنوبی ایشیا میں استحکام اور سلامتی کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمیت مختلف کثیرالجہتی اداروں میں تعاون کا بھی جائزہ لیا۔