وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا ٹیلی فون پر رابطہ

149
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا ٹیلی فون پر رابطہ

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ 16 جنوری 2024 کو ایران کی جانب سے پاکستانی حدود میں حملہ نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی روح کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اس وقت یوگنڈا کے شہر کمپالا میں غیر وابستہ تحریک کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس واقعے سے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اس اشتعال انگیز کارروائی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ دہشت گردی خطے کے لیے ایک مشترکہ خطرہ ہے اور اس لعنت سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یکطرفہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ خطے کے کسی بھی ملک کو اس خطرناک راستے پر نہیں چلنا چاہیے۔