لندن۔ 18 جون (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پچھلی حکومتوں نے نہ صرف پاکستان کو قرض کی دلدل میں پھنسایا بلکہ ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، ہماری اولین کوشش ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے، آزادانہ فارن پالیسی کےلئے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہو گا، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، ہماری سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے استفادہ کرے اور پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو لندن میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ پاکستان میں پچھلی حکومتوں نے اپنی مفاد پرست پالیسیوں کے سبب نہ صرف پاکستان کو قرض کی دلدل میں پھنسایا بلکہ ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، ہم پاکستانی معیشت کو اس دلدل سے نکال کر خود انحصاری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، اس مقصد کیلئے ہمیں آپ کا تعاون درکار ہو گا۔