وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میونخ میں عالمی سیکورٹی کانفرنس کے دوران جرمنی کے اپنے ہم منصب ہیکو ماس سے ملاقات

65

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) پاکستان اور جرمنی نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو دیرپا کثیر الجہتی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میونخ میں عالمی سیکورٹی کانفرنس کے دوران جرمنی کے اپنے ہم منصب ہیکو ماس سے ملاقات کے دوران پایا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو دیرپا کثیر الجہتی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معروف جرمن کارساز کمپنی واکس ویگن کی پاکستانی مارکیٹ میں آمد خوش آئند ہے۔اس کے علاوہ جرمنی کی دیگر کمپنیاں بھی پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر کی تعمیر، زراعت، فوڈ پراسیسنگ ،کان کنی، پیداوار، پانی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہماری حکومت کی مثبت سرمایہ کارانہ پالیسیوں سے مستفید ہو سکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے اپنے جرمن ہم منصب کو افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دورہ ءپاکستان کے خواہاں ہیں۔