وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ واجد خان کی ملاقات ، پاک برطانیہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

159

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی ،تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

یہ بات انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ واجد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے ،کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سے ملاقات کا موقع ملا،میں نے برطانوی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال،

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی نژاد برطانوی پارلیمنٹیرینز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

لارڈ واجد خان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ برطانیہ اور برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سمیت برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو سراہا اور پاکستان کو ہوائی سفر کے حوالے سے برطانوی ریڈ لسٹ سے نکلوانے کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کوششوں کی تعریف کی