وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے لارڈ ڈنکن کی قیادت میں کونسل فار ہیومن رائٹس اینڈ ریلیجیس فریڈم برطانیہ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے لارڈ ڈنکن کی قیادت میں کونسل فار ہیومن رائٹس اینڈ ریلیجیس فریڈم برطانیہ کے وفد نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ وفد میں انٹرنیشنل پیس ایکٹوسٹ راجہ شیراز اختر، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے رکن بیرسٹر راشد احمد بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے …

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے لارڈ ڈنکن کی قیادت میں کونسل فار ہیومن رائٹس اینڈ ریلیجیس فریڈم برطانیہ کے وفد نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ وفد میں انٹرنیشنل پیس ایکٹوسٹ راجہ شیراز اختر، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے رکن بیرسٹر راشد احمد بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت گذشتہ 106 روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور کئے ہوئے ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، خوراک اور طبی سہولیات میسر نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جا رہی تاکہ حقائق دنیا کی نظروں سے پوشیدہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی برادری نہتے مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کےلئے اپنا مو¿ثر کردار ادا کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیر اور کارگل لداخ کو یونین ٹیرٹیریز کاحصہ بنا کر اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس موقع پر لارڈ ڈنکن نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا عندیہ دیا۔