وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرکے افغانستان سے ایران روانہ

62

اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد افغانستان سے ایران روانہ ہوگئے۔ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں تہران میں اعلیٰ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ قبل ازیں وہ اپنے چار ملکی دورہ کے پہلے مرحلے میں پیر کی صبح کابل پہنچے تھے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ مذاکرت میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی ترقی اور خوشحالی، افغانستان میں امن و امان کی صورتحال اور مذاکراتی عمل سمیت دونوں ممالک کے تجارتی و اقتصادی رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ کے افغانستان، ایران، چین اور روس کے تین روزہ دورے کا مقصد ان ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ پاکستان کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کرنا ہے تاکہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔