اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیاحت کے فروغ کیلئے گندھارا تہذیب کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ کے نظام کو آسان بنانے سمیت کئی مثبت اقدام اٹھا رہی ہے، معاشی اصلاحات اور کرپشن کے خلاف جنگ میں ہمیں عوام کی مکمل …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شاندار گندھارا تہذیب و ورثہ کے حوالہ سے وزارتِ خارجہ میں منعقدہ فورم سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیاحت کے فروغ کیلئے گندھارا تہذیب کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ کے نظام کو آسان بنانے سمیت کئی مثبت اقدام اٹھا رہی ہے، معاشی اصلاحات اور کرپشن کے خلاف جنگ میں ہمیں عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے، ملک پائیدار معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ وہ پیر کو یہاں شاندار گندھارا تہذیب و ورثہ کے حوالہ سے وزارتِ خارجہ میں منعقدہ فورم سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اس فورم میں صوبائی وزیر سیاحت کے پی کے عاطف خان، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام، سفرائ/ہائی کمشنرز اور ماہرین گندھارا تہذیب نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے گندھارا تہذیب کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، جکومت سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا کے کئی ممالک کے ساتھ ویزہ کے نظام کو سہل بنانے سمیت کئی مثبت اقدام اٹھا رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ گندھارا محض ایک تہذیب نہیں یہاں کئی تہذیبیں پلیں، پھلی پھولیں اور عروج کی منزلیں طے کرکے زوال پذیر ہوئیں، کئی مذاہب نے اپنے اثرات یہاں چھوڑے اور کئی اقوام کی بود و باش اور ان کی طرزِ زندگی کے نقوش یہاں موجود ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہزاروں سال گزرنے کے باوجود آج بھی بدھ دور کی منہدم آبادیاں، کھنڈرات کی شکل میں بدھ مذہب کی عظمتِ رفتہ کی داستانیں سنا رہی ہیں۔ ہمیں اس نادر تہذیبی ورثے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اور محققین یہاں ہمارے تہذیبی ورثے سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برداری کو سہولتیں دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کرتار پور راہداری پر سکھ کمیونٹی کا بہت مثبت رد عمل آیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے فیصلوں سے بڑی بڑی تبدیلیاں آتی ہیں، حکومت کی جانب سے 175 ملکوں کیلئے ویزہ پالیسی نرم جبکہ 50 کیلئے پاکستان آمد پر ویزہ کی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ویزہ پالیسی میں نرمی کی ہے، حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ سے اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان بھی سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان سیاحت کیلئے بہترین ملک ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک میں اپنی سفارتخانوں سے کہیں گے کہ وہ ٹور آپریٹرز سے روابط بڑھائیں۔ برٹش ایئرویز نے بھی پاکستان میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کو مستقبل میں نیا پاکستان بنتا نظر آ رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوربز میگزین نے بھی تیزی کے ساتھ ترقی کرتی معیشتوں میں پاکستان کا شمار کیا ہے، آج بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، یہ ان کی حکومت اور حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔








