وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 27جون (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدارامن، استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان ، افغانستان میں جاری "امن عمل" کے لئے کھلے دل، نیک نیتی اور مشترکہ ذمہ داری کے طورپر اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران کہی۔ …

اسلام آباد ۔ 27جون (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدارامن، استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان ، افغانستان میں جاری "امن عمل” کے لئے کھلے دل، نیک نیتی اور مشترکہ ذمہ داری کے طورپر اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران کہی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے افغان صدر کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان کے مابین دیرینہ جغرافیائی، تاریخی، تعلقات ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہائیوں پر محیط جنگوں اور عدم استحکام کے نتیجے میں افغان عوام نے بے پناہ مصائب اورمشکلات کا سامنا کیا ہے۔ پاکستان افغان نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر ہمیشہ زوردیتا چلا آ رہا ہے کیونکہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا یہی ایک واحد راستہ ہے۔ دوران ملاقات ،دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے، معیشت، سرمایہ کاری کے فروغ، مواصلات، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کو بہتر بنانے کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا جبکہ امن واخوت کے لئے افغانستان۔پاکستان کی وضع کردہ حکمت عملی (اے پی اے پی پی ایس) کو عوام کی بہتری اور بہبود کے لئے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کو مزید قریب آنے اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید خبریں

Leave a Reply