وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے ملاقات

147

نیویارک۔21مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو نہتے فلسطینیوں پر ، طاقت کے بے رحمانہ استعمال اور معصوم فلسطینی شہریوں ، عورتوں اور بچوں کی شہادتوں پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے منظم اور بے دریغ استعمال کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے اس دورے کا مقصد جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے ذریعے نہتے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی جانب مبذول کرانا ہے ۔

پاکستان، فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے "سیز فائر” کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس اعلان سے مسئلہ فلسطین کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے آگاہ کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے

۔پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے” جنگ بندی معاہدے” کی پاسداری پر اتفاق رائے خوش آئند ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہمسایوں کے ساتھ پر امن تعلقات کاحامی رہا ہے ،مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے ۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا

۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ہمیں توقع ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے، تمام فریقین مل بیٹھ کر جامع سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔