اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) برائے کابینہ نے ادی گیس فیلڈ سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو 25 ملین مکعب کیوبک فٹ اضافی گیس روزانہ فراہم کرنے کی وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن کی تجویز کی منظوری دےدی۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ وہ یوریا پلانٹس کے پورا سال فعال آپریشن اور تسلسل کیلئے منصوبہ وضع کرے۔ کمیٹی نے کہا کہ اس اقدام سے کاشتکار برادری کو ان کی طلب کے مطابق کھاد کی مناسب مقدار کی دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ کمیٹی نے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ملازمین سے متعلقہ بقایا جات کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی فراہمی کی تجویز پر غور کرتے ہوئے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں حکمت عملی وضع کرے۔ ای سی سی نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبہ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے سے یہ ادارہ مزید مستحکم ہو گا۔ ای سی سی نے وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پاکستان سٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سٹیٹ آئل کمپنی کے درمیان فیول کی فراہمی کے معاہدہ کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ وہ وزارت تجارت اور پیپرا سے معاملہ کو حتمی شکل دینے سے قبل مشاورت کرے۔ وزارت قومی فوڈ سکیورٹی و تحقیق نے سرکاری شعبہ میں سرپلس گندم کی برآمد اور گندم کی پیداوار کے حوالہ سے آگاہ کیا۔