وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس ضمن میں حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے تاریخی اور دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے اقتصادی شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینے سے متعلق معاملوں کا جائزہ لیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پٹرولیم و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے متعدد شعبوں کا حوالہ دیا جہاں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یو اے ای کے سفیر نے بھی اس موقع پر کہا کہ یو اے ای کی حکومت موجودہ حکومت کی جانب سے ترقی اور نمو پر مبنی پالیسیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

متحدہ عرب امارات پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے دورہ متحدہ عرب امارات اور وہاں پر یو اے ای کی قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں کئے جانے والے فیصلوں کے بروقت نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اس ضمن میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ وزیر خزانہ نے یو اے ای کی قیادت اور سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔