وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا سکھر دورہ، روہڑی کے مرکزی جلوس میں شرکت
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا سکھر کا دورہ ، محرم کے انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ لیا

مزید خبریں
سکھر۔ 25 جون (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا نو محرم الحرام کے موقع پر سکھر کا دورہ، روہڑی میں کربلا مولا کے مرکزی جلوس میں شرکت کی ۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے نو محرم الحرام کے موقع پر سکھر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے روہڑی میں کربلا مولا کے مرکزی جلوس میں شرکت کی ۔ اسپیکر سندھ اسیمبلی سید اویس قادر شاہ اور میئر سکھر ارسلان شیخ بھی انکے ہمراہ تھے ۔ جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ماتمی جلوس کے راستوں، سیکیورٹی حصار ، داخلی و خارجی راستوں اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلا نے کہاکہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ جلوس کے روٹس پر تعینات تمام پولیس افسران و اہلکار انتہائی مستعد و چوکس رہیں اور پیشہ وارانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہاکہ سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز کو فعال رکھا جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔ حساس مقامات، امام بارگاہوں، جلوس روٹس اور داخلی راستوں پر سرچ، سویپنگ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ سی سی ٹی وی کیمروں، ڈرون مانیٹرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکیورٹی نگرانی کو مزید مضبوط کیا جائے۔ضیاء الحسن لنجار نے کہاکہ امن و امان کے قیام اور عزاداروں کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سندھ حکومت محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے سکھر پولیس، ضلع انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔







