آئی او سی کی منظوری، سکی ماؤنٹینیئرنگ ایلپس 2030 سرمائی اولمپکس میں شامل
سکی ماؤنٹینیئرنگ ’ایلپس 2030‘ سرمائی اولمپک گیمز میں شامل، باضابطہ منظوری

مزید خبریں
لازین ۔25جون (اے پی پی):بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ’سکی ماؤنٹینیئرنگ‘ کو ایلپس 2030 سرمائی اولمپک گیمز کے پروگرام میں بطور اضافی کھیل شامل کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
لازین میں منعقدہ آئی او سی کے 146 ویں اجلاس کے دوران یہ فیصلہ فرینچ ایلپس 2030 کی آرگنائزنگ کمیٹی کی تجویز اور آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کی سفارش پر کیا گیا۔اولمپک پروگرام ورکنگ گروپ کے چیئرمین کارل اسٹوس نے اجلاس کو بتایا کہ سال 2021 میں سکی مائونٹینیئرنگ کو اولمپک پروگرام کا حصہ بنائے جانے کے بعد سے اس کھیل میں حصہ لینے والی قومی اولمپک کمیٹیوں کی تعداد میں 45 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ رجسٹرڈ ایتھلیٹس کی تعداد بھی دگنی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل نوجوانوں کے لیے بے پناہ کشش رکھتا ہے اور الپس کے خطے کی منفرد شناخت کا عکاس ہے۔فرینچ الپس 2030 آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ایڈگر گروسپیرون کا کہنا تھا کہ سکی مائونٹینیئرنگ کی جڑیں سکیئنگ کی تاریخ سے جڑی ہیں اور یہ الپس کی ثقافت اور مناظر کا ایک اہم حصہ ہے۔الپس 2030 سرمائی اولمپکس میں سکی مائونٹینیئرنگ کے دو ڈسپلنز کے تحت 5 ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جن میں مجموعی طور پر 72 ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ مجوزہ پروگرام میں خواتین اور مردوں کے انفرادی ریس ایونٹس کے ساتھ ساتھ خواتین، مردوں اور مکسڈ ریلے سپرنٹ ایونٹس شامل ہیں۔ کھیلوں کے مقابلوں اور ایتھلیٹ کوٹہ کی حتمی فہرست کا فیصلہ آنے والے چند ہفتوں میں آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کرے گا







