وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی طرف سے پاکستان کی پہلی ماحول دوست پلاسٹک روڈ کا افتتاح

158

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان کی پہلی ماحول دوست پلاسٹک روڈ کا افتتاح کیا۔ پیر کو یہاں پاکستان کی پہلی ماحول دوست پلاسٹک سے تیار کردہ سڑک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پلاسٹک روڈ کی تعمیر سے خطے میں آلودگی کے پھیلائو کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پلاسٹک کے فضلاءکی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس تصور کے تحت نہ صرف اسلام آباد میں سڑکیں تعمیر کی جائیں گی بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے وفاقی ترقیاتی ا دارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین عامر علی احمد کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک روڈ پراجیکٹ کے اقدام کو سراہا۔

سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کسی قیمت پر انتہا پسندوں کے ساتھ رعایت نہیں برتے گی۔ انہوں نے سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کا بروقت ٹرائل ہونا بہت ضروری ہے۔