وزیر داخلہ محسن نقوی کی لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے حملے کی شدید مذمت، پولیس کی بروقت کارروائی پر خراجِ تحسین

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے حملے کے نتیجے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے …

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے حملے کے نتیجے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے پانچ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کارروائی نے ایک بڑے نقصان سے بچا لیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے خوارجیوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

میں خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرات، بہادری اور قربانیوں کی ایک روشن تاریخ رقم کی ہے اور پوری قوم کو اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔