اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد آزادی کی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھنا چاہیے۔وفاقی وزیر دفاع نے اپنے ایکس اکائونٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے حضرات اس حقیقت پر غور کریں کہ مقبوضہ کشمیر کی تین نسلیں اپنی آزادی کے …
وزیر دفاع خواجہ آصف کی آزاد کشمیر کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد آزادی کی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھنا چاہیے۔وفاقی وزیر دفاع نے اپنے ایکس اکائونٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے حضرات اس حقیقت پر غور کریں کہ مقبوضہ کشمیر کی تین نسلیں اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جو کچھ پاکستان میں میسر ہے اس کا عشر عشیر بھی مقبوضہ کشمیر کے لوگ تصور نہیں کر سکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی تاریخ خون سے لکھ رہے ہیں، ایک نسل نے جیلوں میں جوانی گزاری اور بڑھاپے میں قدم رکھا، ہزاروں کشمیری پھانسی کے پھندوں پر جھول گئے، سینوں پر گولیاں کھائیں اور پاکستان سے محبت کی ہر روز قیمت ادا کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جنگوں میں شہید ہونے والے فوجیوں میں پنجابی، پختون، بلوچ، سندھی، گلگتی اور بلتی سب شامل ہیں۔
پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا وجود دائو پر لگایا ہے اور آئندہ بھی لگائے گا کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے انتخابی حلقے سیالکوٹ میں کشمیری مہاجرین کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اکتوبر 1947ء میں جموں سے سیالکوٹ بارڈر کراس کرتے ہوئے ایک لاکھ کشمیری مسلمان شہید ہوئے، ہزاروں خواتین کی عصمت دری ہوئی اور ہزاروں اغواء کر لی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بجوات، حاجی پورہ اور پکا گڑھا کیمپ کے ہر گھر میں ایسے لوگ بستے ہیں جنہوں نے پاکستان سے محبت کی قیمت جانوں سے چکائی ہے ۔








