وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ضلع بھر کے لیے اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی توجہ سے شہر میں ترقیاتی کاموں کا پیکج دیا گیا ہے

سیالکوٹ۔ 05 اپریل (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ضلع بھر کے لیے اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی توجہ سے شہر میں ترقیاتی کاموں کا پیکج دیا گیا ہے،آئندہ تین سالوں میں شہر اقبال کی شکل و صورت میں واضح تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی کا سفر مریم نواز کی قیادت میں جاری رہےگا،آئندہ الیکشن میں ایک ایسا رپورٹ کارڈ لے کر آئیں گے جس میں ملک کی ترقی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔وزیر دفاع نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بھارت حواس باختہ ہو چکا ہے،بھارت نے پہلگام جیسا فالس فلیگ آپریشن کیا تو ہم کلکتہ تک پہنچا کر آئیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ اس پیکج میں اقبال منزل کے اطراف 16 ارب روپے سے زائد کی لاگت کا تزئین و آرائش کا منصوبہ بھی شامل ہے، جبکہ شہر کی صفائی اور نظام کی بہتری کے لیے 64 کروڑ روپے کی جدید مشینری کی منظوری دے دی گئی ہے۔گزشتہ سال سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر شہر کے نالوں کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ سیالکوٹ کو مستقل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے قلعہ سیالکوٹ پر 30 کروڑ کی لاگت سے پارک جبکہ اقبال منزل کی اپ گریڈیشن پر 10 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

شہر میں 380 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر سے نکاسی آب کے مسائل بھی حل ہوں گے۔وزیر دفاع نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے اثرات سے بچنے کے لیے بڑے فنڈز کی ضرورت پڑے گی۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔