وزیر زراعت پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس ،انڈسٹریل پارکس کے قیام بارے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ

وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت لاہور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ پنجاب میں انڈسٹریل پارکس کے قیام بارے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت لاہور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ پنجاب میں انڈسٹریل پارکس کے قیام بارے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاںسمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ65 ارب روپے کی لاگت سے صوبے میں انڈسٹریل پارکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں سرگودھا، بھکر، اوکاڑہ، خانیوال اور بہاولپور میں انڈسٹریل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پارکس میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کی فہرستوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انڈسٹریل پارکس کے لیے زمین کی نشاندہی کے عمل کو مکمل کرنے کے حوالے سے متعلقہ فارمیشنز کو حتمی تاریخ دے دی گئی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے اجلاس کو بتایا کہ انڈسٹریل پارکس کے قیام کے حوالے سے محکمہ زراعت کی سرگرمیوں اور پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔