اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پاکستان کو منشیات سے پاک کیا جائے گا، ہائبرڈ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے، پاکستانی قوم نے لازوال قربانیاں دے کر اپنا تحفظ کیا ہے، مضبوط اور پرانے خاندانی نظام میں بچوں کی بہترین تربیت ہوتی تھی، زندگی کی دوڑ میں والدین نے …
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا سیمینار سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پاکستان کو منشیات سے پاک کیا جائے گا، ہائبرڈ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے، پاکستانی قوم نے لازوال قربانیاں دے کر اپنا تحفظ کیا ہے، مضبوط اور پرانے خاندانی نظام میں بچوں کی بہترین تربیت ہوتی تھی، زندگی کی دوڑ میں والدین نے بچوں کو نظر انداز کردیا، ہمیں اپنی معاشرتی اقدار کو بحال کرنا ہوگا۔جمعرات کو ہلال احمر پاکستان میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ”منشیات سے پاک اسلام آباد“ کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدین آج اپنے بچوں کے حوالے سے اس اضطراب میں مبتلا ہیں ہمارا سماجی ڈھانچہ تبدیل ہو چکا ہے۔ایک دوسرے کے لئے احساس اور درد پہلے جیسا نہیں رہا، زندگی کی دوڑ اور خواہشات کی تکمیل میں ہم اتنے آگے نکل گئے ہیں کہ اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریاں بھول چکے ہیں۔پہلے کسی گھر میں فوتگی ہوتی تھی تو کئی کئی دن تک دور دور تک سوگ کا سماں ہوتا تھا ،ایک دوسرے کے لئے دل میں درد اور تکلیف تھی، اب معاشرے میں پہلے جیسا جذبہ باقی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ زندگی کی دوڑ میں والدین نے بچوں کو نظر انداز کردیا ہے اور بچوں کو اساتذہ اور ملازمین کے سپرد کردیا ہے۔ پہلے بچے اپنے والدین اور مشترکہ خاندانی نظام کے زیر سایہ رہتے تھے ، بچوں کو منشیات پر لگایا اور پھر انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے، والدین بچوں کو موبائل فون ،ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ نہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر اللہ کا خوف پیدا کرنا ہوگا اور اپنی پرانی اقدار کی طرف لوٹ کر جانا ہوگا تبھی ہم معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لازوال قربانیاں دیں ہیں پاکستان کے بارے میں طرح طرح کی پیش گوئیاں کی گئیں اور نقشے پھیلائے گئے لیکن الحمداللہ پاکستان قائم و دائم ہے اور رہے گا۔ ہائبرڈ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے۔ زیادہ نمبر لینے کی جدوجہد میں نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مل جل کر ایک ٹیم کی صورت میں جدوجہد کرنی ہے۔ہمیں اپنے خاندانی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان اپنے والدین بزرگوں اور رشتہ داروں کے ساتھ جڑ کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس وتعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مدرسے کا ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے انہیں جدید سہولیات فراہم کریں گے اور معاشرے کے دیگر بچوں کے برابر لائیں گے۔آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس منشیات کے استعمال میں ملوث طلبہ بارے معلومات ہیں لیکن ہم ان کے خلاف قانون کو حرکت میں لانے کے بجائے والدین کے ساتھ مل کر اس مسئلہ کو حل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان بچوں کا مستقبل تاریک نہ ہو ۔انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔ ہلال احمر پاکستان کے ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ ہمارے پاس ملک بھر میں رضا کاروں کا نیٹ ورک موجود ہے اور منشیات کے خلاف جدوجہد میں ہم حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی نے کہا کہ وزیراعظم نے اسلام آباد کو بالخصوص منشیات سے پاک کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر عمل کرنے کے لئے سرگرمی سے کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف انفورسمنٹ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ معاشرے میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نت نئی طرح کی منشیات استعمال ہو رہی ہیں۔ اب منشیات کو تفریح مقاصد کے لئے بھی استعمال ہو رہا ہے۔اس لئے قانون کو سخت بنانے اور سزائیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔منشیات کی روک تھام کے لئے اساتذہ اور والدین کے ساتھ ساتھ علماءاکرام پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ فورس کمانڈر نارتھ اے این ایف بریگیڈئر مبشر نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں اوراقدامات کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ محض سیمینار اور لیکچرز سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا اساتذہ کو تربیت دینے کی ضرورت ہے۔








