وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا ”پاکستان ماﺅنٹین فیسٹیول ایوارڈ“ تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کوہ پیمائی جفاکش اور محنتی لوگوں کا کام ہے، اللہ نے زمین کی مضبوطی کی خاطر پہاڑوں کو میخوں کی طرح گاڑا ہے مگر بدقسمتی سے لوگ اپنے مفاد کی خاطر انہیں کاٹ کر کالونیاں بناتے ہیں، حکومت اس حوالے سے آئندہ چند دنوں میں قانون سازی کرنے جارہی ہے‘پہاڑوں اور جنگلات …

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کوہ پیمائی جفاکش اور محنتی لوگوں کا کام ہے، اللہ نے زمین کی مضبوطی کی خاطر پہاڑوں کو میخوں کی طرح گاڑا ہے مگر بدقسمتی سے لوگ اپنے مفاد کی خاطر انہیں کاٹ کر کالونیاں بناتے ہیں، حکومت اس حوالے سے آئندہ چند دنوں میں قانون سازی کرنے جارہی ہے‘پہاڑوں اور جنگلات کی حفاظت کے لئے متعلقہ علاقوں کے نوجوانوں کی مدد سے اقدامات اٹھائیں گے۔جمعرات کو عکس آرٹ گیلری میں ”پاکستان ماﺅنٹین فیسٹیول ایوارڈ تقریب “ سے خطاب کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ نوجوانوں کو گوگل پر سرچ کرنے کی بجائے حقیقی دنیا میں قدرتی مناظر دیکھنے کے لئے سیر وسیاحت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی لوگوں کو زندگی گزارنے کے لئے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس بات کا اندازہ سیرو سیاحت کے لئے جانے والے افراد بخوبی لگا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں مقیم لوگ متبادل ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے مجبوراً درخت کاٹتے ہیں‘ موجودہ حکومت ان کی مشکلات کے حل کے لئے اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ خیبرپختونخوا کی حکومت ٹورازم پر اچھا کام کررہی ہے جبکہ موجودہ پنجاب حکومت بھی اس حوالے سے منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سے ملحقہ خوبصورت مقام فورٹ منرو کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہاڑ باقی دنیا سے زیادہ خوبصورت اور بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں موجود کے ٹو کو سر کرنے والے معروف پاکستانی کوہ پیما کے ساتھ بیٹھنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ہم کوہ پیمائی کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔تقریب کے اختتام پر آفتاب احمد رانا ‘الطاف یحییٰ سمیت دیگر کوہ پیماﺅں کو پاکستان مونٹین پرائڈ ایوارڈز2019ءدیئے گئے۔تقریب میں سابق سفیر قاضی ہمایون اور پاکستان کے معروف کوہ پیما اشرف اعوان سمیت دیگر سماجی شخصیات ومختلف یونیورسٹیوں کے طالب علموں نے شرکت کی۔

مزید خبریں