اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم کا ہر فرد اپنے حصے کا پودا لگائے، قائداعظم کے بعد پہلی مرتبہ قوم کو ایماندار لیڈر ملا ہے جنہوں نے پوری قوم کو متحرک کیا ہے، ٹائیگر فورس غیرسیاسی ہے اور نوجوان ملک سے محبت کی خاطر رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور عالمی سطح پر ان کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے، ٹائیگر فورس کی خدمات فی الحال شجرکاری مہم کیلئے استعمال کی جائیں گی لیکن حکومت کے پاس مستقبل کے حوالے سے فورس کیلئے اچھے پلانز ہیں۔ منگل کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس بحران، کلائمنٹ چینج، بین الاقوامی امور اور سفارتی سطح پر اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور دو سال کے دوران خطے میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عالمی لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں اور دنیا انہیں رول ماڈل کے طور پر فالو کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ وزیرمملکت موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں سب سے پہلے گلوبل وارمنگ پر بات کی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ ملکوں کو اس حوالے سے ذمہ داری لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے کورونا وائرس کو قابو پانے کیلئے بہترین حکمت عملی اختیار کی اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کی کامیابی پالیسیوں کو سراہا جا رہا ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ بحرانوں کے دوران ہی قوموں کا پتا چلتا ہے، اگر بحرانوں کے دوران قومیں قومی مفاد میں متحد ہو جائیں تو وہ عظیم قوم بن کر ابھرتی ہیں، قائداعظم کے بعد پہلی مرتبہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی شکل میں ایماندار لیڈر ملا ہے جنہوں نے پوری قوم کو نیشنل کاز کیلئے متحرک کیا ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس غیرسیاسی ہے اور کسی بھی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد اس کا حصہ بن سکتے ہیں، مہلک وباءکے دوران فورس رضاکارانہ طور طور پر خدمات انجام دے رہی ہے اور اٹلی نے بھی پاکستان کے ماڈل کو فالو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا رواں سال 20 کروڑ پودے لگانے کا ہدف ہے، اگر ملک کا ہر شہری اپنے حصے کا پودا لگائے تو یہ ہدف حاصل کرنا مشکل نہیں ہے۔