اسلام آباد ۔ 20 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ 2017ءمیں اب تک ملک میں دو پولیو کیسز سامنے آئے ہیں، رواں سال موثر حکومتی اقدامات کی بدولت پولیو وائرس پر قابو پا لیا جائے گا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر احمد حسن، جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات پر انہوں نے بتایا کہ 2015ءمیں پولیو کے 50 اور 2016ءمیں 20 کیسز سامنے آئے تھے۔ 2017ءمیں اب تک لودھراں اور دیامر سے ایک ایک پولیو کا مریض سامنے آیا ہے۔