وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر یرڑان کستافین نے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت توانائی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک نے قزاخستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات اورعوام کے درمیان دیرینہ رابطوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان قزاخستان کے توانائی کے وسیع ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، نہ صرف پاکستان کی توانائی کی فوری ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ پاکستان قزاخستان کی توانائی کی مصنوعات کے لئے گوادر کے راستے گیٹ وے کے طور پر کام کر سکتا ہے اور توانائی کی عالمی تجارت میں شراکت دار بن سکتا ہے۔

قزاخستان کے سفیر نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں تعاون باہمی طور پر فائدہ مند ہو گا ، قزاخستان اور پاکستان میں تجارت کی بہت زیادہ گنجائش ہے، گزشتہ سال دو طرفہ تجارت 200 ملین ڈالر کی تھی، قزاخستان پاکستان کے ساتھ بھی ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر دستخط کرنے کے بہت قریب ہے، قزاخستان کے پاس تیل، گیس اور کوئلے کے بڑے ذخائر ہیں جو توانائی میں شراکت کو بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

وزیر مملکت نے توانائی کے شعبہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان توانائی کی نئی راہداریوں کے لئے کھلا ہے، روس اور یوکرین تنازعہ کے باعث ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی توانائی کی ضرورت نے پاکستان کے لئے توانائی کے شعبے میں تنوع کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ اس سلسلے میں توانائی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کو موثر بنایا جائے گا اور مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے وزرائے توانائی کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوں گے۔