وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے پیر کو وزارتِ خزانہ میں کاروباری اور برآمدی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے، برآمدات میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت کاروباری اور برآمدی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے پیر کو وزارتِ خزانہ میں کاروباری اور برآمدی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے، برآمدات میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تجارت کے فروغ، صنعتی مسابقت بڑھانے اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے پالیسی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے ڈرابیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (ڈی ایل ٹی ایل)، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ (ٹی یو ایف) اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور ان پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے اور ان پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔کاروباری برادری کے نمائندوں نے کاروبار کرنے میں آسانی، صنعتی شعبے کی آپریشنل استعداد بہتر بنانے اور پاکستان کی برآمدی مسابقت میں اضافے سے متعلق اپنی آراء پیش کیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔
وزیر مملکت نے اس موقع پر حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کاروباری برادری کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، برآمدات اور مجموعی معاشی نمو کے فروغ کے لئے سازگار پالیسیاں اختیار کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ خزانہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وزارتِ تجارت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر تجارت میں سہولت اور برآمدی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
اجلاس میں معروف کاروباری شخصیات، جن میں جاوید بلوانی (سابق صدر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، سید احتشام مظہر (صدر، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، رانا عمران، جمشید مرتضیٰ، زبیر موتی والا (سابق صدر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، خرم مختار (سرپرست اعلیٰ، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن) اور اسلم پکھالی (چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایف اے انٹرنیشنل) شامل تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری تجارت، ڈاکٹر حمید عتیق سرور (ممبر سیلز ٹیکس، فیڈرل بورڈ آف ریونیو)، محسن (چیف کلیکٹر ایکسپورٹس اینڈ آئی او سی او) اور اشہد جواد (ممبر کسٹمز پالیسی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو) سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔








