وزیر مملکت شہریار خان آفریدی کی حافظ آباد کوہاٹ میں سوئی گیس منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مافیا کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام کو انکے حقوق دلا کر رہیں گے، خدا پر یقین رکھتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان تمام تر سازشوں کے باوجود عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے اور پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنا …

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مافیا کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام کو انکے حقوق دلا کر رہیں گے، خدا پر یقین رکھتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان تمام تر سازشوں کے باوجود عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے اور پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد کوہاٹ میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے سوئی گیس منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ دس ارب روپے کے پراجیکٹ سے کوہاٹ، کرک اور ہنگو میں گیس کی فراہمی منظور ی دی گئی ہے۔ گیس کی فراوانی ہر صورت ممکن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کی سازشوں کے باوجود وزیر اعظم عمران خان پاکستان ہی نہیں مسلم دنیا کے کامیاب ترین لیڈر بن کر ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے نو ارب روپے کی لاگت سے بجلی کے پراجیکٹ منظور کرا لئے ہیں۔ ساڑھے تین سو ارب روپے سے پشاور سے کوہاٹ، ہنگو، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے منظور کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ22 یونین کونسلوں کیلئے 22 کروڑ روپے کے ترقیاتی پراجیکٹس کا اعلان کرتا ہوں جن میں سے ایک یونین کونسل کو ایک ایک کروڑ دیا جائے گا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کا واحد حکمران ہے جس نے 14 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض واپس کیا ہے، ہم جھکنے اور بکنے والے نہیں ہیں نہ ڈرنے والے ہیں۔ حق کی آواز سے منہ پھیریں گے نہ مقابلے سے ہم آخری دم تک ملکی وقار اورعوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے مافیا سے لڑتے رہیں گے۔