اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی سے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، بھائی چارے، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ …
وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ کی ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی سے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، بھائی چارے، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ اقدامات کے عزم پر زور دیا گیا۔وزیر مملکت بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ قائد اعظم کی 11 اگست 1947ء والی تقریر میں اقلیتوں کے برابری کے حقوق واضح ہیں اور آئین پاکستان یہاں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت ملک بھر میں بین المذاہب اجتماعات اور مکالمے کو فروغ دے رہی ہے اور حکومتی وژن کے مطابق تمام اقلیتوں کے مذہبی تہوار سرکاری سرپرستی میں منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے اقلیتوں کے لیے فلاح و بہبود فنڈ کے تحت غیر مسلم بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں اور مذہبی عبادت گاہوں کی مرمت اور تزئین و آرائش میں بھی خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔ مختلف کانفرنسز، مکالمے اور مذہبی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے مسلمان ، مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر برادریوں کے نمائندے امن، احترام اور اشتراک عمل کے موضوعات پر بات چیت کرتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ان کی وزارت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ امن اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور ان کے مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی حقوق محفوظ ہیں ۔ نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ نے کہا کہ پاکستان متنوع مذاہب، ثقافت اور زبانوں کے حامل بے مثال لوگوں کا وطن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیدرلینڈز میں بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت موجود نہیں اور وہ پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک انسانی حقوق کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور ہر قسم کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ نیدرلینڈز کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے خطے میں امن ، بھائی چارے ، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نہ صرف مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور بین الاقوامی سطح پر دوستانہ تعلقات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔









