وزیر مملکت وجیہہ قمر کی سمرقند میں یونیسکوکےنومنتخب ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد العنانی سے ملاقات،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

سمرقند۔3نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر نومنتخب ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد العنانی سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وجیہہ قمر نے ڈاکٹر خالد العنانی کو پاکستان کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں یونیسکو تعلیم، سائنس، ثقافت …

سمرقند۔3نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر نومنتخب ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد العنانی سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

وجیہہ قمر نے ڈاکٹر خالد العنانی کو پاکستان کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں یونیسکو تعلیم، سائنس، ثقافت اور ابلاغ کے شعبوں میں عالمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے یونیسکو کے اہداف کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور شمولیتی و مساوی تعلیم، ہنر مندی کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سائنسی اشتراک کے حوالے سے پاکستان کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے عالمی ایجنڈے کے تحت یونیسکو کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر جنرل یونیسکو ڈاکٹر خالد العنانی نے پاکستان کے مثبت کردار اور یونیسکو کے پروگراموں میں مسلسل تعاون کو سراہا اور تعلیم، ورثہ کے تحفظ اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یونیسکو کے درمیان تعلقات کے مزید استحکام اور تعلیم، ثقافت و پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول پر اتفاق رائے کیا گیا۔