وزیر ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کا ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، غیر معیاری کام فوری رکوا دیا

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورعوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں

پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورعوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت سوات میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے روڈ شولڈرز پر ہونے والے غیر معیاری تعمیراتی کام کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کام رکوا دیا۔صوبائ وزیرڈاکٹر امجد علی خان نے واضح کیا کہ قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل کے معیار اور مقدار میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فنڈز قومی امانت ہیں اور ہر منصوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور پائیداری کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں