اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ (www.fccp.gov.pk) کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا۔ ویب سائٹ کا افتتاح چیف جسٹس امین الدین خان نے ایک تقریب کے دوران کیا جس میں عدالت کے تمام ججز بھی شریک تھے۔ اعلامیہ کے مطابق نئی ویب سائٹ جدید اور صارف دوست طرز پر تیار کی گئی ہے جس کا مقصد سائلین، وکلاء اور دیگر متعلقہ افراد کو عدالتی …
وفاقی آئینی عدالت پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ (www.fccp.gov.pk) کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا۔ ویب سائٹ کا افتتاح چیف جسٹس امین الدین خان نے ایک تقریب کے دوران کیا جس میں عدالت کے تمام ججز بھی شریک تھے۔
اعلامیہ کے مطابق نئی ویب سائٹ جدید اور صارف دوست طرز پر تیار کی گئی ہے جس کا مقصد سائلین، وکلاء اور دیگر متعلقہ افراد کو عدالتی معلومات تک آسان اور فوری رسائی فراہم کرنا ہے۔ ویب سائٹ کے ذریعے عدالت کے دائرہ اختیار، بنچوں کی تشکیل اور مختلف عدالتی امور سے متعلق تفصیلات بآسانی حاصل کی جا سکیں گی۔
ویب سائٹ پر آن لائن مقدمات کی تلاش، کاز لسٹ کی بروقت اشاعت اور اہم عدالتی پیش رفت سے آگاہی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سائلین مصدقہ نقول کے حصول، سماعت میں التواء اور جلد سماعت کے لیے آن لائن درخواست بھی دے سکیں گے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ویب سائٹ پر نوٹسز، سرکلرز، عدالتی انتظامیہ اور معزز ججز سے متعلق مکمل معلومات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ عوامی آگاہی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اعداد و شمار اور خصوصی ڈیش بورڈ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے اس موقع پر کہا کہ عدالتی نظام میں ڈیجیٹل جدت کے ذریعے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور عوام کو بروقت اور موثر سہولیات میسر آئیں گی۔








