وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے جج جسٹس روزی خان بڑیچ نے کہا ہے کہ عوام کو بروقت، سستا اور آسان انصاف فراہم کرنے کے لیے وفاقی آئینی عدالت کی کوئٹہ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ ججز ہر ماہ بلوچستان آکر مقدمات کی سماعت کریں گے تاکہ سائلین کو اسلام آباد کے مہنگے اور طویل سفر سے نجات مل سکے۔
وفاقی آئینی عدالت کے ججز ہر ماہ کوئٹہ آکر مقدمات سنیں گے، عوام کو دہلیز پر سستا اور بروقت انصاف ملے گا: جسٹس روزی خان بڑیچ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے جج جسٹس روزی خان بڑیچ نے کہا ہے کہ عوام کو بروقت، سستا اور آسان انصاف فراہم کرنے کے لیے وفاقی آئینی عدالت کی کوئٹہ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ ججز ہر ماہ بلوچستان آکر مقدمات کی سماعت کریں گے تاکہ سائلین کو اسلام آباد کے مہنگے اور طویل سفر سے نجات مل سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے اعزاز میں منعقدہ ٹی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس سید ارشد حسین شاہ، چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، جسٹس محمد عامر نواز رانا، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو، جنرل سیکرٹری سید نجب الدین آغا، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڑین دشتی، بار کونسل ممبران افضل حریفال ایڈووکیٹ، نادر چھلگری ایڈووکیٹ، سینئر وکلا علی احمد کرد، میاں محمد رئوف عطا سمیت دیگر وکلا موجود تھے۔
جسٹس روزی خان بڑیچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی سفری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت نے کوئٹہ میں رجسٹری قائم کی ہے اور مقدمات کی سماعت کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب سائلین کے لیے زیادہ اخراجات برداشت کرکے اسلام آباد جانا ممکن نہیں، اسی لیے عدالت عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہاں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت اور وکلا کے درمیان مضبوط رابطہ قائم رکھا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ ہر ماہ بلوچستان آکر مقدمات کی سماعت کی جائے تاکہ انصاف تک بروقت رسائی ممکن ہو اور عوام کو سستا انصاف میسر آئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد کامران خان ملاخیل نے وفاقی آئینی عدالت کے ججز کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی آمد سے صوبے میں انصاف کی فراہمی کا نظام مزید موثر اور عوام دوست ہوگا۔ اس موقع پر میر عطا اللہ لانگو نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کے ججز پہلی مرتبہ بلوچستان میں مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں، جو صوبے کے عوام کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت کے ججز ماہانہ بنیادوں پر کوئٹہ آکر مقدمات کی سماعت کریں تاکہ صوبے کے عوام کو اپنے مقدمات کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔








