ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) اور پاکستان بیت المال (پی بی ایم) نے راولپنڈی میں جدید مرکزی کچن کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے ہیں جس کا مقصد مستحق اور کمزور طبقات کو معیاری اور باقاعدہ غذائی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔
ٹیکا اور پی بی ایم کے مابین جدید کچن کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) اور پاکستان بیت المال (پی بی ایم) نے راولپنڈی میں جدید مرکزی کچن کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے ہیں جس کا مقصد مستحق اور کمزور طبقات کو معیاری اور باقاعدہ غذائی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکر سینیٹر شاہین خالد بٹ اور پاکستان میں ٹیکا کی کنٹری ہیڈ صالحہ تونا نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو بھی موجود تھے۔
منصوبے کے تحت ٹیکا راولپنڈی-اسلام آباد میں ایک جدید، مکمل طور پر لیس اور نیم خودکار مرکزی کچن قائم کرے گی، جو بین الاقوامی غذائی حفظان صحت کے معیارات کے مطابق روزانہ 15 ہزار تک کھانے تیار کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ سہولت پاکستان بیت المال کے حوالے کر دی جائے گی جو اس کا انتظام سنبھالتے ہوئے یتیم بچوں، کم آمدنی والے خاندانوں، اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے تیمارداروں، پناہ گاہوں کے مکینوں، مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کو باقاعدگی سے معیاری اور گرم کھانا فراہم کرے گا۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف غذائی امداد کی خدمات کو وسعت دے گا بلکہ پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام کو بھی مضبوط بنائے گا۔
اس سے غذائی تحفظ، مستحق افراد تک بروقت امداد کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر شاہین خالد بٹ نے کہا کہ مرکزی کچن کا منصوبہ پاکستان بیت المال اور ٹیکا کے درمیان دیرینہ تعاون کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترکیہ کے ترقیاتی منصوبے دونوں برادر ممالک کے مضبوط، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا عملی اظہار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے روزانہ 15 ہزار افراد کو معیاری کھانا فراہم کیا جا سکے گا۔
انہوں نے حکومتِ ترکیہ اور ترک عوام کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی مشترکہ فلاحی منصوبوں کے فروغ کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکا گزشتہ 16 برسوں کے دوران پاکستان بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے مکمل کر چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ترکیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔









