اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے میرٹ کے بغیر نہیں چل سکتے، یہ ضروری ہے کہ جن لوگوں کو پاکستان کے مستقبل کی ذمہ داری دی گئی ہے ان کا بھی احتساب کیا جائے۔ بدھ کو یہاں وزارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے متعلق تمام انکوائریوں کو تیزی سے مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنشن اوردیگر مسائل ہیں، موجودہ وائس چانسلر سے کہا ہے کہ وہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے تمام ملازمین کی شکایات کو دور کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یونیورسٹی کے تمام انتظامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سابقہ وائس چانسلر کی انکوائری وزارت سے مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے کو بھجوا دی گئی ہے۔